نئی دہلی، 29؍ستمبر ( آئی این ایس انڈیا ) سپریم کورٹ نے بدھ کو کہا کہ پٹاخوں کی تیاری میں زہریلے کیمیکل کے استعمال سے متعلق سی بی آئی کی رپورٹ بہت سنگین ہے۔ عدالت عظمیٰ نے ریماک دیا کہ پہلی نظر میں بیریم کے استعمال اور پٹاخوں کے لیبل لگانے میں عدالت کے احکامات کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔ جسٹس ایم آر شاہ اور اے ایس بوپنا کے بنچ نے کہا کہ سی بی آئی نے ضبط شدہ مواد میں بیریم سالٹ جیسے نقصان دہ کیمیکل پایا ہے۔ عدالت نے کہا کہ ہندوستان فائر ورکس اور ا سٹینڈرڈفائر ورکس جیسے پٹاخہ بنانے والی کمپنی نے بڑی مقدار میں بیریم حاصل کیا ہے اور ان کیمیکلز کو پٹاخوں کی تیاری میں استعمال کیا ہے۔
یہ رپورٹ جوائنٹ ڈائریکٹر سی بی آئی چنئی نے تیار کی ہے۔ بنچ نے پٹاخہ بنانے والوں کو ایک اور موقع دیا کہ وہ اس رپورٹ کے حوالے سے اپنا موقف پیش کریں۔ اس کے ساتھ بنچ نے ہدایت دی کہ سی بی آئی کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کی ایک ایک کاپی جمعرات تک تمام متعلقہ وکلا ء کو دستیاب کرائی جائے۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ ملک میں ہر روز کوئی نہ کوئی تہوار ہوتا ہے لیکن ہمیں دوسری چیزوں کو بھی دیکھنا ہوتا ہے اور ہم لوگوں کو اذیت اور مرتے ہوئے نہیں دیکھ سکتے۔ اس کے ساتھ سپریم کورٹ نے اس معاملے میں سماعت کی اگلی تاریخ 6 اکتوبر مقرر کی ہے۔